یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں نوجوانوں کے ادبی ذوق کی آبیاری کے لیے مشاعرہ
Date
1/18/2023
یونیورسٹی آف سیالکوٹ نے جناح ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز کے تعاون سےایک مشاعرے کا انعقاد ان سابقہ طلبا (Alumni)کے لیے کیا جو یونی ورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کر کے جاچکے ہیں ۔ نوجوانوں کے ادبی ذوق کی آبیاری کے لیے ملک کے مایہ ناز شعرا کو مدعو کیا گیا ۔ مشاعرے کی صدارت معروف شاعرامجد اسلام امجد نے کی، مہمان اعزاز میں محترمہ حمیدہ شاہین تھیں - شاہد ذکی، تنویر احمد تنویر، شوکت فہمی ، تجمل کلیم ، عمار یاسر، شریف فیاض وزیر آبادی، مرلی چوہان، ڈاکٹر مشتاق عادل، ماہ نور رانا، صباحت عروج اور دیگر شعرا نے نئے اسلوب اور جدید لب و لہجہ سے محفل کے با ذوق سامعین کو مسحور کیا۔ ادب سے دلچسپی رکھنے والے سامعین نے خوب تالیاں بجا شعرا کی بھر پور انداز میں حوصلہ افزائی کی۔
چیئرمین بورڈ آف گورنرز جناب فیصل منظور صاحب، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جناب محمد ریحان یونس صاحب، محترم وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی صاحب ،پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعد رحمان، جیپس (جناح ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ اسکولز،گوجرانوالہ) کے صدر طارق محمود مغل، حافظ عمران یعقوب، ریجنل ڈائیریکٹر علامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی، سیالکوٹ، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر اور سیالکوٹ کے تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے خصوصی شرکت کی۔ رجسٹرار جناب محمد یعقوب صاحب نے اپنی منفرد اور پر تاثیر نظامت سے مشاعرے کو مزید دلچسپ اور دل کش بنا دیا۔
اس موقع پر فیصل منظور نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ادبی محفلوں اور شاعری کے ذریعے پاکستان کی تہذیب ،اردو زبان کی ترویج اور ادبی روایات کو نئی نسل تک پہنچانا ہم اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں ۔ادب اور نسل نو کی فکر کو منظر عام پر لانے میں ہمارا ادارہ اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔
محمد ریحان یونس نے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کرنے میں اس طرح کردار ادا کرے گا کہ وہ قومی و بین الاقوامی تعمیرو ترقی میں بہترین کردار ادا کر سکیں۔ حاضرین محفل نے اس کاوش پر یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔